پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے 40 سالوں میں صرف کراچی کے مفادات کا سودا کیا، جماعت اسلامی

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے چالیس سالوں میں شہر کے مفادات کا سودا کر کے اسے تباہ کردیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق  جماعت اسلامی کے تحت وزیر اعلیٰ ہاؤس تک حقوق کراچی مارچ راستے بند ہونے کے بعد تھوڑی دیر کے دھرنے میں تبدیل ہوا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی نے مطالبہ کیا کہ شہر کی بدترین صورتحال اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے فوری طور پر کراچی کے لیے500ارب روپے جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ٹاؤن کو کم از کم 2 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج، واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اختیارات ٹاؤن کو منتقل اور پانی کا K-4 منصوبہ مکمل کیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ گرین لائن کا ادھورا منصوبہ و ریڈ لائن پروجیکٹ مکمل اور کراچی میں ٹرانسپورٹ کے سنگین مسئلے کے حل کے لیے 10ہزار بسیں چلائی جائیں۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کو ہزاروں کی تعداد میں وزیر اعلی ہاؤس پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اہل کراچی نے ثابت کردیا کہ کراچی جاگ رہا ہے۔شہر کراچی کو ڈبونے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے کرپشن اور لوٹ مار کرکے کراچی کو تباہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 40 سال سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم مل کر مفادات کا سودا کررہے ہیں اور عوام کی کوئی فکر نہیں ہے۔ 1 ہزار ووٹ لینے والے لوگوں کو فارم 47 کے ذریعے عوام پر مسلط کردیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں نمبر پورے نہ ہونے پر بندے اٹھالیے جاتے ہیں، شہر میں اس وقت قابض مئیر مسلط ہے۔قابض مئیر مرتضیٰ وہاب وڈیروں اور جاگیر داروں کی ربڑ اسٹیمپ بنے ہوئے ہیں جبکہ سندھ حکومت شہر کو پانی،بجلی، سڑکیں صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ این ایف سی اور اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات منتقل کیے جائیں گے لیکن اختیارات اور وسائل نچلی سچح پر منتقل کرنے کو تیار نہیں، ۔پیپلز پارٹی کی خمیرمیں کراچی دشمنی شامل ہے۔ منعم ظفر نے دعویٰ کیا کہ شہر کا مستقبل جماعت اسلامی سے وابستہ ہے، پیپلز پارٹی کی سیاست میں سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب نکل کر آئے ہیں جو عوام کے حقوق غصب کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے۔

from The Express News https://ift.tt/a9rv4hg
Previous Post Next Post

Contact Form