وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سپر فلڈ سے نمٹنے کیلیے تیاری ہے اور 9 لاکھ کیوسک سے زائد پانی گزرنے کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سپر فلڈ کی ممکنہ صورتحال کے لیے مکمل تیاری کر رہی ہے اور 9 لاکھ کیوسک سے زائد پانی کے گزرنے کے انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام کی جانب سے 8 سے دس لاکھ اور حتیٰ کہ بارہ سے تیرہ لاکھ کیوسک پانی گڈو بیراج تک پہنچنے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، تاہم سندھ حکومت نے ہر ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر جامع حکمتِ عملی اختیار کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ دریائے چناب اور جہلم کا سب سے بڑا ریلہ ٹریمو بیراج پر ریڈکشن پر آچکا ہے اور اس پانی کو پنجند پہنچنے میں تین دن لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجند پر صورتحال واضح ہوگی اور وہاں سے ہمیں اصل اندازہ ہوگا کہ گڈو بیراج تک کتنا بڑا ریلہ پہنچے گا۔ یہ پانی مزید دو دن بعد گڈو بیراج پر پہنچے گا، یعنی 6 ستمبر کو ہم سب سے بڑے ریلے کی توقع کر رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 24 اگست کو 5.5 لاکھ کیوسک پانی گڈو بیراج سے گزارا جا چکا ہے جو سکھر اور کوٹری بیراج سے بھی بحفاظت گزر گیا ہے۔ ان کے مطابق ہر ایک لاکھ کیوسک کے اضافے سے دریا میں تقریباً ایک فٹ پانی بڑھتا ہے، تاہم سندھ کے بیراجز دس لاکھ کیوسک کے بہاؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہمیں اعتماد ہے کہ یہ بڑا ریلہ بھی بحفاظت گزر جائے گا۔ ہماری سب سے بڑی کوشش یہ ہے کہ کسی بھی صورت میں جانی یا مال مویشی کا نقصان نہ ہو۔ دریاؤں میں ممکنہ سپر فلڈ کے پیش نظر حکومت نے متاثرہ اضلاع کے دیہی علاقوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے اور مقامی آبادی کو کسی بھی وقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک لوگوں کو بڑے پیمانے پر منتقل نہیں کیا گیا ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے فیلڈ اسٹاف نے نشیبی دیہات کے رہائشیوں کو واضح طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ انہیں کسی بھی وقت انخلاء کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس کم از کم دو دن کا وقت ہوگا، جس میں انخلا کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ نقل مکانی کے لیے کشتیوں اور دیگر سہولیات کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے پاس اپنی کشتیاں موجود ہیں، نیوی نے بھی مدد فراہم کررہی ہے، آرمی نے اپنے وسائل دیے ہیں، اور مقامی پرائیویٹ بوٹس کو بھی ہائر کیا جا رہا ہے تاکہ بروقت انخلاء ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی بڑے سیلاب کی صورت میں عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔
from The Express News https://ift.tt/RytV3YB
from The Express News https://ift.tt/RytV3YB