ماہ ربیع الاول اورجاوید اقبال مظہری کی کتابیں

بارہ ربیع الاول حضور پاک ﷺ کا یوم پیدائش ہے۔ اسی ماہِ مبارک کے حوالے سے جاوید اقبال مظہری کی کئی کتابیں یاد آگئی ہیں جن پر میں بات کرنا چاہتی ہوں، جن کے عنوانات درج ذیل ہیں۔

سوئے جاناں ﷺ ، سرکارِ دو عالم ﷺ اور خواتین ، آفتابِ ولایت، درود مظہری، سیرت پاک ﷺ کے علاوہ بھی کئی اہم کتابیں میرے سامنے ہیں مناقبِ شیر خدا، حضرت محبوب الٰہی اور ڈاکٹر محمد اقبال، آفتاب ولایت ، شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانی علیہ الرحمہ، مناجات مظہری، احسانِ عظیم، قصیدہ معراجیہ ، مظہر جمال مصطفیٰؐ اور ’’نزہت مصطفیٰ‘‘ یہ تمام کتابچے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی شان میں لکھے گئے ہیں۔

مبلغ دین جاوید اقبال مظہری (بی اے، ایل ایل بی) نے اپنے مضمون میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ ’’احقر حضرت نعمت مسعود ملت حضرت مولانا پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد کا بے حد ممنون ہے کہ آپ نے اس کتاب کی اصلاح فرمائی بلکہ ایک ’’تقدیم‘‘ بھی قلم بند کی سچی بات تو یہ ہے کہ یہ تقدیم ہی اس کتاب کی جان ہے جس نے احقر کی رقم کردہ درودوں کے گجروں کو چار چاند لگا دیے۔‘‘

پروفیسر ڈاکٹر محمد مسعود احمد نے اپنے مضمون ’’تقدیم‘‘ میں فرمایا ہے ’’جب کوئی عاشق سورہ احزاب پڑھتا ہے تو اس کا دل دھڑکنے لگتا ہے، معلوم ہوتا ہے حریم جاں میں بیٹھے ہیں اس آیت کو پڑھ کر دل کے دریچے کھل جاتے ہیں۔’’بے شک اللہ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اس نبی پر، اے ایمان والو! ان پر درود اور خوب سلام بھیجو۔‘‘ (احزاب۔ 56)

یہ آیت ہزار نعتیہ قصیدوں پر بھاری ہے اور کیوں نہ ہو، جب ہجرت کے دوسرے سال 2ھ/633ء میں یہ آیت کریم نازل ہوئی تو سرکارِ دو عالم ﷺ کے رخسار مبارک مسرت و انبساط سے سرخ ہو گئے۔ (شفا القلوب۔ ص74)

حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں۔

’’حضور ﷺ کے چہرے کا رنگ خوشی سے کھل گیا اور فرمانے لگے، مجھے مبارک باد پیش کرو کہ مجھ پر آج وہ آیت نازل ہوئی ہے کہ جو میرے نزدیک دنیا و مافیہا ہر چیز سے بہتر ہے۔ خود سرکار دو عالم ﷺ فرما رہے ہیں، جو مجھ پر ایک مرتبہ درود بھیجتا ہے اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا۔ اللہ اکبر! حضور انور ﷺ کی تعظیم و تکریم کا یہ صلہ کہ تعظیم کرنے والا خود معظم ہو گیا، تکریم کرنے والا خود مکرم ہو گیا۔

سرکار دو عالم ﷺ نے فرمایا میں اس وقت بھی نبی تھا، جب آدم آب و گل کے درمیان تھے۔

پروفیسر ڈاکٹر مسعود احمد نے درودِ مظہری کی تعریف میں لکھا ہے کہ ’’عزیزم! مولانا جاوید اقبال مظہری مجدہ نے اردو جاننے والوں کے لیے اردو زبان میں درودوں کی یہ سوغات پیش کی ہے۔ مقصود و مطلوب حبیب نبی کریم ﷺ کی تعریف و توصیف ہے خواہ کسی بھی زبان میں ہو۔

عربی زبان سے اردو کے تراجم قارئین کی نذر، جو جاوید اقبال مظہری نے کیے ہیں۔

1۔ اے اللہ درود بھیج ہمارے آقا حضرت محمد ﷺ پر جن کا پسینہ مبارک مشک و عنبر سے خوب تر تھا، جن کے دست مبارک سے چشمے پھوٹ نکلے، جن کی انگشت مبارک کے اشارے نے چاند کے دو ٹکڑے کر دیے اور سورج کو لوٹایا۔

2۔ اے اللہ! درود بھیج ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد ﷺ پر جن کی چشم مبارک ہمیشہ نیچے رہتی تھی جو عاجزی و انکساری اور شرم و حیا کا پیکر تھے۔

3۔ اے اللہ! درود بھیج ہمارے آقا حضرت محمد ﷺ پر جنھوں نے تیری اتنی حمد کی کہ وہ احمد ہو گئے ان سے زیادہ حمد کرنے والا کوئی نہیں۔

ہر سال آپ رسول اکرمؐ کی شان میں عید میلادالنبی دھوم دھام سے منایا اور چراغاں کیا جاتا ہے، نیاز و نذر کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، گویا یہ عید سے بڑھ کر دن ہوتا ہے ،امت مسلمہ اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ قرآن پاک آقائے دو جہاں رحمۃ للعالمین ﷺ پر نازل ہوا اور اس کی تفسیر آپ ﷺ کی ذات مبارکہ ہے ہر مسلمان کو اس کا پڑھنا اور تراجم و تفسیر سے واقف ہونا ضروری ہے تب ہی اس حقیقت سے آگاہی حاصل ہوتی ہے کہ آپؐ کی سیرت طیبہ پر عمل کرنا ضروری ہے۔

اس مبارک دن کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے مراکز کا افتتاح کیا جانا اہم ہے جہاں ہر روز بلاناغہ قرآن پاک کا ترجمہ، تلاوت اور تفسیر، احادیث نبوی ﷺ کی تعلیمات کو لازمی قرار دینا ہی مسلمانوں کو ایک اچھا مسلمان بنا سکتا ہے۔ آج کل جو بے راہ روی اور جہالت کا اندھیرا دور دور تک پھیل چکا ہے۔ اس میں کمی ضرور واقع ہوگی۔

The post ماہ ربیع الاول اورجاوید اقبال مظہری کی کتابیں appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/EWrpicR
Previous Post Next Post

Contact Form