پروفیسر نسیم میمن انٹر بورڈ کراچی کے نئے سربراہ منتخب

  کراچی: حکومت سندھ کے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نے انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین کو عہدے کی معیاد سے قبل سبکدوش کردیا ہے اور ان کی جگہ چیئرمین لاڑکانہ بورڈ نسیم میمن کو انٹر بورڈ کراچی کا چیئرمین مقرر کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نسیم میمن کے بطور سربراہ انٹر بورڈ کراچی کی تقرری کا نوٹیفیکیشن سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز مرید راہیمو کی جانب سے جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پروفیسر نسیم میمن آئندہ 2 برس یا پھر نئے ریگولر چیئرمین کے تقرر تک اس عہدے پر فائز رہیں گے تاہم اس نوٹیفیکیشن سے واضح ہوتا ہے کہ پروفیسر نسیم میمن انٹر بورڈ کراچی کے مستقل چیئرمین نہیں ہونگے اور اگر کوئی مستقل چیئرمین مقرر نہیں کیا گیا تو کراچی بورڈ بھی دیگر بورڈ کی طرز پر ایڈہاک ازم کا شکار ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ سبکدوش کیے گئے چیئرمین انٹر بورڈ کراچی حیدرآباد انسٹی فار ٹیکنالوجی اینڈ منیجمنٹ سائنسز کے ریکٹر مقرر ہوچکے ہیں چونکہ یہ وفاقی حکومت کا ادارہ ہے لہذا بیک وقت وہ صوبے اور وفاق میں دو عہدے نہیں رکھ سکتے تھے۔ ان کی انٹر بورڈ کراچی میں مدت ملازمت رواں سال کے آخر میں پوری ہورہی تھی۔ علاوہ ازیں سندھ کے دیگر تعلیمی بورڈز میں بھی سربراہوں کے عہدوں پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

The post پروفیسر نسیم میمن انٹر بورڈ کراچی کے نئے سربراہ منتخب appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/7Qp31xy
Previous Post Next Post

Contact Form