نو مئی واقعات میں ملوث 95 فیصد شرپسندوں کی شناخت ہوچکی، کابینہ بریفنگ

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نو مئی کے پُرتشدد واقعات میں ملوث شرپسندوں میں سے 95 فیصد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ 60 فیصد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم ملک کے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صرف ان کو گرفتار کیا جارہا ہے جن کے بارے میں یقینی ہے کہ وہ واقعات میں ملوث ہیں، ملوث افراد کیخلاف کارروائی میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے گا اور موجودہ قوانین کے تحت کارروائی یقینی بنائے جائے گی اور کسی شہری کو ان واقعات کی پاداش میں گرفتار نہ کیا جائے۔

کابینہ اجلاس میں اراکین کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نو مئی کو شرپسندی میں ملوث افراد میں سے 95 فیصد کی شناخت ہوگئی جبکہ تقریبا 60 فیصد افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول و نجی املاک پر حملہ کرنے والوں کیخلاف پاکستان پینل کوڈ، اے ٹی سی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ جن کے خلاف ٹھوس شواہد ہیں صرف اُن کو آرمی ایکٹ کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا۔

شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ آرمی ایکٹ کے تحت چلنے والے مقدمات کے فیصلوں پر عدالت میں اپیل دائر کرنے کا حق بھی موجود ہے۔

کابینہ اجلاس میں اراکین کو مختلف دوست ممالک میں پی ٹی آئی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ رواں سال 26 ہزار عازمین حج روڈ ٹو مکہ منصوبے سے مستفید ہوں گے، کابینہ اجلاس میں ای سی سی کے 16 مئی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

The post نو مئی واقعات میں ملوث 95 فیصد شرپسندوں کی شناخت ہوچکی، کابینہ بریفنگ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/54xlv7m
Previous Post Next Post

Contact Form