روسی فوج نے یوکرین میں صدر وولودیمیر زیلنسکی کے آبائی شہر میں واقع معروف شاپنگ سینٹر پر دو ڈرونز برسا دیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حملہ جمعے کے روز اُس وقت کیا گیا جب شہروں کی بڑی تعداد شاپنگ میں مصروف تھی۔ معمول سے زیادہ رش تھا۔ جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔
روس کے ڈرون حملے سے شاپنگ سینٹر میں شدید آگ بھڑک اُٹھی تھی اور دھواں پوری عمارت میں بھر گیا تھا جس سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ 10 سے زائد لاشیں نکالی گئیں۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ روس کے شاپنگ سینٹر پر ڈرون حملے میں 14 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں 22 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 29 افراد کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے حملے کو انتہائی سنگین اور دانستہ کارروائی قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس مقام پر دوسرا ڈرون حملہ اُس وقت کیا گیا جب رضاکار امدادی کاموں میں مصروف تھے۔
حملے کے فوراً بعد ابتدائی طور پر ایک شخص کے ہلاک اور 12 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی۔ بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد 2 اور زخمیوں کی تعداد 15 ہوئی، پھر 52 زخمیوں کی اطلاع دی گئی تھی۔
یاد رہے کی یوکرینی صدر کا آبائی گاؤں اس سے قبل بھی روسی حملوں کی زد میں آتا رہا ہے۔ اپریل 2025 میں ہونے والے حملے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 9 بچے شامل تھے۔
حالیہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس نے یوکرین کے مختلف شہروں پر فضائی حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ اس سے ایک روز قبل دارالحکومت کیف پر روسی بیلسٹک میزائل حملے میں کم از کم 16 سے 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
from The Express News https://ift.tt/rQ9C5A1
from The Express News https://ift.tt/rQ9C5A1