کراچی میں ڈکیتوں نے ایک اور گھر اجاڑ دیا، 18 سالہ نوجوان مزاحمت پر قتل

شہر قائد میں ڈکیتوں نے ایک اور نوجوان کو مزاحمت پر قتل کر کے خاندان اجاڑ دیا، رواں برس جاں بحق افراد کی تعداد 86 ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن پریشان چوک کے قریب فائرنگ سے 18 سالہ نصیر نامی نوجوان جاں بحق ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا اور موٹرسائیکل پر آئے ملزمان فائرنگ کر کے فرار ہوگئے تاہم پولیس نے فوری طور پر واقعے کو ڈکیتی مزاحمت قرار نہیں دیا۔ واقعے کے بعد متوفی کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، زخمی شہری نے مومن آباد تھانے کی حدود میں آکر دم توڑا۔  پولیس نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا تاہم تفتیش کے بعد کوئی حتمی بات کہی جاسکے گی۔  

from The Express News https://ift.tt/b5ED6IZ
Previous Post Next Post

Contact Form