کراچی: ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی

  کراچی: سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس کے دو اہلکار ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی ہوگئے، بعد ازاں ان میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں گشت پر مامور پولیس اہلکاروں کو اطلاع ملی تھی کہ محمدی گوٹھ ندی کنارے ڈاکو لوٹ مار کے لیے موجود ہیں، جس پر پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو وہاں موجود ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو بھی زخمی ہوئے جو ایک موٹر سائیکل جائے وقوع پر چھوڑ کر ندی کی جانب فرار ہوگئے جن کا تعاقب جاری رکھا جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار عادل پتافی ٹانگ پر اور چمن عباس سینے پر گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شدید زخمی

ترجمان نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے آغا خان اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں چمن عباس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا تاہم دوسرے زخمی اہلکار عادل پتافی کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پارٹی فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو تلاش کر رہی ہے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کے شہید ہونے کے واقعے کی اطلاع ملنے پر صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔

صوبائی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور زخمی اہلکار کو تمام بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

The post کراچی: ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید، دوسرا زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/uyJ2Knz
Previous Post Next Post

Contact Form