کراچی: بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سول ایوی ایشن رولز کی دھجیاں اڑا دیں بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے دبئی سے تھائی لینڈ جانے والے طیارے کو 45 منٹ تک احمد آباد کی فضائی حدود میں روکنے کے بعد بھارتی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق بزنس جیٹ طیارہ P4BFR دبئی سے ہوتا ہوا سندھ سے بھارتی حدود میں داخل ہوا اور بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی احمد آباد کے اوپر روکا گیا اور 45 منٹ تک چکر لگانے کے بعد بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے طیارے کو فوری طور پر بھارتی فضائی حدود سے واپس جانے کی ہدایت کی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے طیارے کو پہلے احمد آباد کی فضائی حدود میں 45 منٹ تک فضا میں چکر کاٹنے کی ہدایت کی اور پھر بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے اچانک طیارے کو فوری طور بھارتی فضائی حدود سے پاکستان کی فضائی حدود بھیج کر انتظار کرایا تقریبا ایک گھنٹے تک اجازت نہ ملنے پر بزنس جیٹ طیارہ سندھ کی حدود ٹھٹھہ، بدین، سجاول پر چکر لگا کر واپس پاکستان سے دبئی چلاگیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول نے پاکستانی حدود میں واپس آنے پر ویلکم کیا بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کے کپتان کو بھارتی فضائی حدود سے اوور فلائنگ کی اجازت سے انکار کیا۔
بزنس جیٹ طیارہ نے پاکستان کے بعد بھارتی فضائی حدود سے گزر کر تھائی لینڈ کے ایئرپورٹ سموئی میں لینڈ کرنا تھا لیکن بھارتی ایئرٹریفک کنٹرول نے اجازت نہ دینے پر طیارے کا کنٹرول کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کے حوالے کر دیا۔
The post بھارت نے عالمی سول ایوی ایشن رولز کی دھجیاں اڑا دیں appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/TKdxMmV