کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے پنجگور میں ایک گھر پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق ہوگئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پنجگور کے علاقے خدا بدن میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 7 مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس، سیکیورٹی اہلکار اور کارکنان جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے لاشوں ور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کا تعلق پنجاب سے ہے جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔
مقتولین خدا بدن، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے جن کا تعلق پنجاب کے علاقے ملتان سے تھا۔ مقتولین میں ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان اور بلال شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا پنجگور واقعے پر نوٹس، وزیراعلیٰ بلوچستان سے رپورٹ طلب
اُدھر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجگور کے علاقے خدا بدان میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مقتولین کی بلندیٔ درجات کیلیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔
وزیراعظم نے فائرنگ کی نتیجے میں زخمی ہونے والے مزدور کی جلد صحت یابی کی دعا اور ان کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معصوم اور بے گناہ مزدور خدا بدان، پنجگور کے علاقے میں گھر کی تعمیر پر مزدوری کر رہے تھے، محنت کشوں اور مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سر زمین پاک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پر عزم ہیں۔
مزید پڑھیں: بے گناہ مزدوروں کے قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، وزیر داخلہ
دریں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
وزیر داخلہ نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمی مزدور کی جلد صحت یابی کیلیے دعا بھی کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں، غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے ملزمان کی گرفتاری کےلیے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست اور سیکورٹی فورسز ان بیرونی فنڈنگ پر پلنے والے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
The post پنجگور میں مسلح افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ، 7 مزدور جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/mn45xsI