لاہور: حکومت پنجاب کے محکمہ پولیس نے کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ کارکردگی کے تناسب میں لاہور پولیس پہلے نمبر پر آگئی ہے۔
پنجاب کے سینٹرل پولیس آفس کی جانب سے صوبے بھر کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جہاں پنجاب کے 36 اضلاع کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ ایک میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور راولپنڈی، گروپ ٹو میں بھکر، میانوالی، سرگودھا اور راجن پور سمیت 14 اضلاع اور گروپ تھری میں خانیوال، چکوال، خوشاب، ننکانہ صاحب اور منڈی بہائوالدین سمیت 17 اضلاع کو شامل کیا گیا ہے۔
پولیس کی کارکردگی جانچنے کے لیے 36 نکات پر مشتمل کارکردگی رپورٹ تیار کی گئی ہے، جس میں جرائم کی روک تھام، دہشت گردی، لا اینڈ آرڈر اور ٹریفک کی روانی سمیت دیگر نکات کارکردگی رپورٹ میں شامل تھے اور کارکردگی جانچنے کے لیے ان 36 نکات کے 100 نمبر رکھے گیے تھے۔
رپورٹ میں لاہور پولیس نے 68.64 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، گوجرانوالہ دوسرے اور فیصل آباد پولیس تیسرے نمبر پر رہی۔
اسی طرح گروپ ٹو میں 74.37 نمبروں کے ساتھ بھکر پولیس نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی، میانوالی دوسرے اور سرگودھا تیسرے نمبر پر رہا، گروپ تھری میں خانیوال 67.90 نمبروں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، چکوال دوسرے اور خوشاب تیسرے نمبر پر رہا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ کارکردگی رپورٹ سی پی او میں ایڈیشنل آئی جیز کی نگرانی میں تیار کی گئی ہے اور مستقبل میں ڈی آئی جی، آر پی او، سی پی او اور ڈی پی اوز کے تبادلے اسی رپورٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔
The post پنجاب پولیس کی کارکردگی رپورٹ جاری، لاہور پہلی مرتبہ سرفہرست appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/6WfovDB