لندن: ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلش بولر جیمز اینڈرسن نے میچ کی دوسری اور بین الاقوامی کیریئر کی آخری اننگ میں دو وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو اننگ سے شکست کے دہانے پر کھڑا کر دیا۔
لارڈز میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگ میں 79 رنز بنا لیے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہیں، اننگ کی شکست سے بچنے کے لیے 171 رنز کا خسارہ باقی ہے۔
دوسرے دن کا کھیل:
انگلینڈ نے دوسرے دن کے کھیل کا آغاز 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز پر 68 رنز کی برتری کے ساتھ کیا اور پوری ٹیم 250 رنز کی برتری کے ساتھ 371 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
15 اور 25 رنز کے ساتھ دن کا آغاز کرنے والے جو روٹ اور ہیری بروک بالترتیب 68 اور 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بین اسٹوکس 4، ڈیبیوٹنٹ جیمی اسمتھ 70 اور کرس ووکس 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جبکہ گس ایٹکنسن نے اور شعیب بشیر کھاتا کھولے بغیر وکٹ گنوا بیٹھے۔
جیمز اینڈرسن کوئی رن بنائے بغیر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 4، گُداکیش موتی اور جیسن ہولڈر نے 2، 2 اور الزاری جوزف نے 1 وکٹ حاصل کی۔
250 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگ شروع کرنے والی ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی ، ٹیم 79 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی ہے اور میچ میں اننگ سے شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسری اننگ میں ایلک ایتھانیز 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جیسن ہولڈر 20، مِکائل لوئس 14، کیوم ہوج اور کپتان کریگ بریتھ ویٹ 4، 4 جبکہ کرک مک کنزی 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فی الحال جوشوا ڈا سلوا 8 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن، کپتان بین اسٹوکس اور گس ایٹکنسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کی۔
پہلے دن کا کھیل:
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 25-2023 کے تحت ہونے والی سیریز کے پہلے میچ میں انگلش کپتان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 41.4 اوورز میں صرف 121 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ٹیم کی جانب سے مکائیل لوئس 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کیوم ہوج 24، ایلک ایتھیناز 23 اور الزاری جوزف 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کپتان کریگ بریتھویٹ 6، جیڈن سیلز 2، کرک مک کینزی 1 جبکہ جیسن ہولڈر، جوشوا ڈا سلوا اور شیمار جوزف کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔
گداکیش موتی 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے گس ایٹکنسن نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 45 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے جیمز اینڈرسن نے بھی ایک وکٹ لی۔ کپتان بین اسٹوکس اور کرس ووکس نے بھی 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں انگلش بیٹرز نے پہلی اننگ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بناکر 68 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولے 76 اور اولی پوپ 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بین ڈکٹ 3 رنز کر پویلین لوٹے۔
دن کے ختم ہونے تک ہیری بروک 25 اور جو روٹ 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز نے 2 اور جیسن ہولڈر نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
The post لارڈز ٹیسٹ: جیمز اینڈرسن کی شاندار بولنگ، انگلینڈ بڑی فتح کے قریب appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/RQBVhTq