حکومت سازی کیلیے ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں معاہدہ طے پاگیا

 اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی میں حکومت سازی کیلیے معاہدہ طے پاگیا۔

تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی وفد سے مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے کامیاب مذاکرات ہوئے۔

مذاکرات میں ن لیگ اور پی پی کی مذاکراتی کمیٹی کے اراکین اور صدر ن لیگ شہباز شریف جبکہ بلاول بھٹو نے بھی شرکت کی۔ دیگر اراکین میں اسحاق ڈار ، مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ اور  احسن اقبال بھی موجود تھے۔

اجلاس میں دونوں جماعتوں نے عوامی ریلیف اور توقعات پر پورا اترنے کا عزم کیا جبکہ اختتام پر دعائے خیر بھی کروائی گئی۔

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ جس میں دونوں جماعتوں میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

ن لیگ اور پی پی کا شراکت اقتدار کا معاہدہ 

اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں دونوں جماعتوں نے شرائط تسلیم کر کے شراکت اقتدار کا معاہدہ طے کیا۔ جس کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کے پاس ہوگا جبکہ وفاق میں ن لیگ کا وزیر اعظم ہوگا۔

معاہدے کے تحت صدر پاکستان آصف زرداری جبکہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ہوں گے۔ اس کے علاوہ قومی کا اسپیکر ن لیگ جبکہ سینئٹ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی وزارت لے گی البتہ وزارت عظمیٰ کیلیے شہباز شریف کو ووٹ دے گی۔

اس سے قبل نواز شریف کی طلبی پر شہباز شریف لاہور سے اسلام آباد اور پھر مری پہنچے، جہاں انہوں نے نواز شریف سے اہم ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وفاق میں حکومت سازی کے حوالے سے گفتگو کی گئی جبکہ  رابطہ کمیٹی نے نواز شریف اور شہباز شریف کو پیپلزپارٹی کے ساتھ رابطوں پر بریف کیا۔

بعد ازاں بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلزپارٹی کا وفد حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات کیلیے اسحاق ڈار کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں شہباز شریف بھی پہنچے اور پھر بات چیت کو حتمی شکل دی۔

 

The post حکومت سازی کیلیے ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں معاہدہ طے پاگیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/iQbt7er
Previous Post Next Post

Contact Form