اسلام آباد: مسلح افواج نے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے پانچ سال مکمل ہونے پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا ہر مرتبہ پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق 27 فروری کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں جعلی ڈرامے کے بعد بھارت کو پاک فضائیہ نے منہ توڑ جواب دیا اور ملکی دفاع کو ایک بار پھر ناقابل تسخیر بنایا۔ 14 فروری 2019 کو مودی سرکار نے منظم منصوبہ بندی کے تحت جعلی پلوامہ ڈرامہ رچایا۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارت نے خود اپنے 40 فوجی مروائے اور حسبِ روایت الزام پاکستان پر لگا دیا۔
اس کے بعد 26 فروری 2019 کو بھارت نے رات کے اندھیرے میں سرجیکل اسٹرائیک کے نام پر پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور بالاکوٹ کے علاقے جابہ کے قریب بم پھینک کر بھارتی طیارے فرار ہوئے۔
بھارت نے اس کو کامیاب سرجیکل اسٹرائیک قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کے طیاروں نے دہشت گردوں کا ٹریننگ کیمپ کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔بھارتی میڈیا جعلی سرجیکل اسٹرائیکس میں کبھی 300 دہشت گرد مارے جانے کی رپورٹ کرتا تو کبھی جعلی آڈیو پر مبنی گفتگو نشر کرتا رہا۔
بھارتی فضائیہ کے اس جعلی سرجیکل سٹرائیک کا بھانڈا پاکستان نے عالمی میڈیا کو موقع پر لے جا کر پھوڑا، پاکستان نے ازلی دشمن کو رات کے اندھیرے میں حملے کا جواب دن کے اجالے میں دینے کا اعلان کیا۔
پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور مختصر فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی طیاروں کو مار گرایا اور ایک پائلٹ ابھینندن کو گرفتار کیا۔ بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی فوج نے ہڑبونگ میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر تباہ کر دیا۔
پاک فضائیہ کے جوانوں کے ہاتھوں گرنے والے 2 بھارتی طیاروں میں سے ایک کا ملبہ بھارت کی اپنی حدود میں گرا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی حدود میں آ گرا، پاکستان کی حدود میں گرنے والے مگ 21 لڑاکا طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھامن کو زندہ گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارتی سیکریٹری خارجہ وجے گوکھلے نے پریس کانفرنس میں حقائق کے منافی دعوی کیا کہ بالاکوٹ پر فضائی حملے میں جیشِ محمد کے ایک مدرسے کو نشانہ بنایا گیا ہے جس سے بھارت کو عالمی سطح پر سبکی اٹھانا پڑی۔
دو روز تک زیرِ حراست رکھنے کے بعد پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت ابھی نندن کو بھارت واپس بھیج دیا۔27 فروری کا دن دنیا کو یہ باور کراتا ہے کہ مملکت خداداد کے دفاع کے لیے پاک فوج ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔
پلوامہ حملے پر بھارتی میڈیا کا من گھڑت پروپیگنڈا
پلوامہ کے جھوٹے اور من گھڑت تماشے کو سچ ثابت کرنے کے لیے ہندوستانی میڈیا نے من گھڑت اور جھوٹا بیانیہ پھیلایا اور لاکھ کوششوں کے باوجود بھی بھارتی میڈیا پلوامہ کی حقیقت کو منظر عام پر آنے سے نہ روک سکا۔
پلوامہ ڈرامے کے بعد سے بالاکوٹ میں بھارتی اسٹرائیک تک ہندوستانی میڈیا ہر طرح کے جھوٹے شواہد پیش کرنے میں مصروف رہا۔ دوسری جانب پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری کیساتھ حقائق تلاش کیے اور دنیا کو حقیقت سے روشناس کروایا۔
ہندوستانی میڈیا کی جانب سے خطے میں جنگ، انتشار اور بد امنی پھیلانے کو فروغ دیا جاتا رہا جبکہ پاکستانی میڈیا مسلسل امن کا پیغام دیتا رہا۔ ہندوستانی میڈیا جھوٹی سیٹیلائیٹ تصاویر دکھا کر اپنی عوام کو بے وقوف بناتا رہا جبکہ پاکستانی صحافی تمام متاثرہ علاقوں میں جاکر حقائق کی کھوج لگاتے رہے۔
بین الاقوامی میڈیا نے بھی ہندوستان کے پلوامہ ڈرامے کا راز فاش کرتے ہوئے اصل سیٹیلائیٹ تصاویر شائع کیں ۔بین الاقوامی میڈیا نے پلوامہ ڈرامے کو بے نقاب اور جھوٹا ثابت کیا۔
آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ
27 فروری 2019 کو بھارتی دراندازی کا پاک فضائیہ نے تاریخ ساز دفاع کیا اور شاہینوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور مختصر فضائی جھڑپ کے دوران بھارتی طیارے کو مار گرایا۔
بھاری حملے کی جوابی کاروائی کے دوران پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو زندہ گرفتار کیا گیا۔پاک فضائیہ نے اپنے اس آپریشن کو “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” کا نام دیا گیا ۔ زیرِ حراست ابھی نندن پاکستان ملٹری کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور پاک فوج کے جوانوں کی میزبانی کا معترف ہوا۔
۔پاکستان کی حراست میں ابھی نندن کی چائے کے ساتھ وائرل وڈیو میں بھارتی پائلٹ نے پاکستانی چائے کی تعریف کی سوشل میڈیا پر ’ٹی از فنٹاسٹک‘ کا ہیش ٹیگ 36 گھنٹے زیرِ گردش رہا۔ پانچ سال بعد بھی ابھی نندن کی چائے کے پاکستان میں چرچے برقرار ہیں۔
ایک کپ چائے کے لیے بھارت کو اپنے طیارے کی قیمت ادا کرنی پڑی تھی، پاکستانی چائے اور پاکستان سے ملنے والا سبق بھارت صدیوں تک نہیں بھول سکے گا۔
مسلح افواج کی 27 فروری کے پانچ سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک باد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے پانچ سال مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مسلح افواج اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) اور سروسز چیفس نے تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارک باد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 27 فروری 2019 کو عوام کے عزم اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا گیا،
اس ناخوشگوار دن کے واقعات نے بھارت کی جانب پاکستان کی مسلح افواج کی مکمل آپریشنل چڑھائی کو ظاہر کیا جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کی استقامت اور قابلیت کا اعتراف دنیا بھر کے عسکری ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امن کے مفاد میں تباہ ہونے والے طیارے کے پائلٹ کو واپس کرکے سیاسی پختگی کا مظاہرہ کیاگیا، پاکستان امن کی بحالی کیلیے پرعزم ہے اور ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے باہمی تعلقات پر زور دیتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا ہر مرتبہ پوری طاقت سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ اعلامیے میں افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد بھی درج کیا گیا ہے۔
The post آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 5 سال مکمل، ملک کیخلاف جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا عزم appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/Ya9bF60