کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں واقع ڈی سی آفس کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والا 35 سالہ نوجوان چار روز بعد دوران علاج جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق 35 سالہ اسامہ کو گیارہ فروری کی شب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا جس کے بعد اُسے علاج کیلیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا اور وہ چار روز تک زیر علاج رہنے کے بعد جمعے کی شب زندگی کی بازی ہار گیا۔
مقتول کے ہمراہ اس کا بھانجہ 13 سالہ امان بھی زخمی ہوا تھا تاہم اُس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اسامہ کو اے ٹی ایم سے نکلنے کے بعد ڈاکوؤں نے روکنے کی کوشش کی تو اُس نے موٹر سائیکل بھگا دی تھی جس پر مسلح افراد نے اُس پر فائرنگ کی اور پیدل بھاگ گئے تھے۔
اُدھر شہر میں ڈاکوؤں کی دیدا دلیری عروج پر پہنچ گئی، 2 دن میں سفاک ڈاکوؤں نے کار نہ روکنے پر 3 خواتین کو فائرنگ کا نشانہ بنا ڈالا، سہراب گوٹھ پر ڈاکوؤں نے گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کر کے ماں اور بیٹی کو زخمی کر دیا جس کے نتیجے میں 12 سالہ بچی سر پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئی جس کی حالت تشویشناک ہے۔ کورنگی میں بھی ڈاکوؤں نے ایک شہری کو فائرنگ کر کر کے زخمی کر دیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال میں اب تک ڈکیتی مزاحمت پر مرنے والے افراد تعداد کم سے کم 15 تک پہنچ گئی ہے جبکہ درجنوں کو مسلح افراد نے مزاحمت پر زخمی بھی کیا ہے۔
The post کراچی میں ڈاکو راج، مزاحمت پر 1 اور نوجوان قتل، ماں اور بیٹی سمیت 3 زخمی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/tXdaHrW