نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری جامعات کے وائس چانسلرزکا اجلاس طلب کرلیا

  کراچی:  سندھ کی سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی نگراں وزیر اعلی سندھ نے پورے صوبے کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کا ایک غیر معمولی اجلاس 29 دسمبر کو طلب کرلیا ہے ،  اس اجلاس میں اعلی تعلیمی کمیشن آف پاکستان اور سندھ اعلی تعلیمی کمیشن کے سربراہوں کو بھی مدعو کیا گیا  ہے۔ 

ذرائع کے مطابق اجلاس کے لیے سرکاری جامعات کے انتظامی و مالی معاملات کے علاوہ جامعات میں ڈیجیٹل لائبریریز کے قیام ،ریسرچ کے معیارات اور صنعتوں سے جامعات کے اشتراک کے نکات کو ایجنڈے کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس غیر معمولی اجلاس کے انعقاد کے سبب  جامعہ کراچی کا اسی روز شیڈول سینیٹ کا اجلاس ملتوی کیے جانے کا امکان ہے کیونکہ وزیر اعلی ہائوس کی جانب سے تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو اس اجلاس میں شرکت کے لیے پابند کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلی سندھ متعلقہ جامعات کے معاملات میں بہتری کے لیے ہر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے بات چیت کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

دوسری جانب صوبائی محکمہ کالجز کی جانب سے 4 سال کی تاخیر کے بعد کراچی کے سرکاری کالجوں اور ان کے پرنسپلز کی فہرست جامعہ کراچی کو فراہم کردی گئی ہے۔

یہ فہرست پیر کو جامعہ کراچی کے رجسٹرار کو موصول ہوئی ہے جس کے فوری بعد جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے وائس چانسلر کی منظوری سے پرنسپلز کی نشست پر سینیٹ کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے ، یہ انتخابات یونیورسٹی ایکٹ کو سامنے رکھتے ہوئے 25جنوری کو شیڈول کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کالج پرنسپل اور بالخصوص سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرر ایسوسی ایشن(سپلا) کا اصرار تھا کہ یہ انتخابات کرائے جائیں تاہم یہ  بات پوشیدہ رکھی جارہی تھا کہ محکمہ کالج ایجوکیشن کی جانب سے جامعہ کراچی کو ووٹر اور امیدواروں کی فہرست کے سلسلے میں نوٹیفائیڈ پرنسپلز کی فہرست فراہم ہی نہیں کی جارہی تھی۔

کالج ایجوکیشن کے ذرائع بتاتے ہیں کہ اس سلسلے میں یاددہانی کے طور پر جامعہ کراچی نے گزشتہ 4 برسوں میں محکمے کو 11 مختلف خطوط تحریر کیے لیکن ایک بھی خط کا جواب دیا گیا اور نہ ہی کالج ایجوکیشن کی جانب سے مطلوبہ فہرست جامعہ کراچی کو فراہم کی جاری تھی جس کے سبب یہ انتخابات تعطل کا شکار رہے اور کالج اساتذہ خود اپنے محکمے کی نااہلی یا غفلت کے سبب نمائندگی سے محروم رہے۔

ادھر کالج ذرائع کے مطابق سپلا کے مرکزی رہنما کی جانب سے ایک برقی خط کالج پرنسپلز کو بھجوایا گیا ہے جس میں آج منگل کو ہونے والے اجلاس کے التوا کی اطلاع دیتے ہوئے بہتر خبروں کی نوید دی گئی تاہم ابھی سینیٹ انتخابات کے حوالے سے نہیں بتایا گیا۔

The post نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے سرکاری جامعات کے وائس چانسلرزکا اجلاس طلب کرلیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/lAeX6IS
Previous Post Next Post

Contact Form