کراچی: کراچی سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ انتہائی عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔
عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر میں چراغاں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ ہر سو درود و سلام و میلاد کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
جمعہ کو عید میلادالنبیۖ کے موقع پر جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسالت میں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوگا۔ جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محافل منعقد ہوں گی۔
ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے آج جمعے کے روز ملک بھر میں جلوس و ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی کے کئی علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالنے کی تیاریاں مکمل ہیں، جو جشن میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بنیں گے۔
ترجمان جماعت اہلسنت کے مطابق کراچی میں مرکزی جلوس عید میلاد النبی جمعہ 3 بجے دوپہر بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا۔ مرکزی جلسہ میلاد 5 بجے شام نشتر پارک میں ہوگا، نماز عصر، مغرب نشتر پارک میں ادا کی جائے گی۔
جلوس اور جلسہ کے انتظامات جماعت اہلسنّت کراچی کے ایک ہزار رضاکار اسکاؤٹس انجام دینگے۔ جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
کراچی سمیت صوبے بھر میں جشن عید میلاد النبی پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ شہر شہر درود سلام کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں۔ گھر، مساجد اور بازاروں کو جھنڈیوں اور روشنیوں کے ساتھ سجایا گیا ہے۔
مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کر رہی ہیں۔
ماہ ربیع الاول کی آمد کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں سرکای اور نجی عمارتوں، گلیوں، بازاروں، گھروں اور مساجد کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ ربیع الاول کے آغاز سے ہی کراچی کے کئی علاقے برقی قمقموں سے جگمگا اٹھے ہیں۔
مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ جشن ولادت رسولﷺ کی مناسبت سے شہر میں مختلف مقامات پر نیاز اور لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پیغام
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12ربیع الاول 1445ھ/2023ءکے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدرسول اللہ خاتم النبین ﷺ کی ولادت ِباسعادت تمام جہانوں کیلئے ایک عظیم اور مبارک ترین نعمت ہے، آپ ﷺ کی بدولت انسانیت اللہ تعالیٰ کی جانب سے ہدایت کے انعام اور رحمت سے سرفراز ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا، آپؐ کی زندگی اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، عدل و انصاف اور انسانوں کی جانب شفت ومحبت کی مجسم تصویر ہے، آپؐ کی تعلیمات ہمہ گیر اور آفاقی ہیں اور انسانیت کیلئے رہنمائی کا ایک لازوال ذریعہ ہیں، آپؐ کی تعلیمات دور ِحاضر سمیت رہتی دنیا تک درپیش بے شمار چیلنجز کا حل پیش کرتی ہیں۔
صدر مملکت کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ رسول اللہ ﷺ کی سیرت ِطیبہ میں ہمیں نہ صرف ایمانیات وعبادات بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے متعلق ایک کامل نمونہ ملتا ہے، اللہ تعالیٰ کی وحدانیت، سماجی انصاف، حقوق العباد، صنفی مساوات، اور پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے آپؐ کی ہدایات اسلام کے پیغام کی جامعیت اور عالمگیریت کی آئینہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں اور مذہبی تنوع کا حامل ملک ہے، یہاں اسلام کے علاوہ دیگر ادیان اور مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم اس تنوع کی قدر کریں اور اپنے ہم وطنوں کے درمیان افہام و تفہیم اور اتحاد ویگانگت کے فروغ کیلئے تندہی سے کام کریں۔
عارف علوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نبی اکرمﷺ کے مدینہ منورہ میں اسلامی ریاست کے قیام کے بعد دیگر مذاہب کے پیروکاروں کے ساتھ معاہدے اور اسلامی ریاست میں غیر مسلموں کے حقوق کو ہم سب پاکستانیوں کو اپنے سامنے رکھنا چاہیے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ پاکستان کے اتحاد واتفاق کو نقصان پہنچانے والی قوتیں کبھی کامیاب نہ ہو پائیں، ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذہبی طبقات خود کو محفوظ اور مامون محسوس کریں۔ بحیثیت قوم یہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں ان اقدار کو قائم کریں اور ایسے ماحول کو فروغ دیں جہاں ہر فرد کی عزت اور حقوق محفوظ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نبی اکرم ﷺ کی ولادت کے مبارک دن پر ہر پاکستانی سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اپنی قوم اور پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ سے رحمتوں کے درخواست گزار ہوں، دعا ہے کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں نازل ہوں اور حضور نبی اکرمﷺ کی تعلیمات ایک انصاف پسند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے عمل میں ہماری راہیں روشن کرتی رہیں۔ آمین!
The post ملک بھر میں آج عید میلاد النبی ﷺ کا جشن مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/L9S6bIF