پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

 اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے ممبران شیر افضل ایڈوکیٹ اور شعیب شاہین کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

ایڈوکیٹ شیر افضل مروت نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں ایڈوکیٹ شعیب شاہین افضل کے خلاف محاذ کھولا اور انہیں پارٹی کی قانونی ٹیم کا واحد غدار قرار دے دیا۔

شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کے غداروں کے بارے میں پہلے والی ٹویٹ کی تھی تاہم کور کمیٹی کے سینئرز کے مشورے کے بعد میں نے وہ حذف کردی تھی۔ اب آج جمعرات کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور انہیں اپنے اس ٹویٹ کے بارے میں آگاہ کروں گا ، میرے الفاظ پر نشان لگائیں یہ ٹویٹ بہت سے مجرموں اور ایجنٹوں کو تنگ کرے گا۔

دوسری جانب شیر افضل مروت کے الزامات کر جواب شعیب شاہین نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے سپریم کورٹ میں سوشل میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا جو شخص پارٹی میں تفرقہ پیدا کرے وہ پی ٹی آئی سے نہیں ہوسکتا، میں نے سپریم کورٹ میں شیر افضل مروت سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیا تھا۔

شعیب شاہین نے کہا کہ پارٹی نے پانچ ترجمان نامزد کیے ہیں ان میں سے ایک میں ہوں، میرا مؤقف ہی پی ٹی آئی کا مؤقف ہے جبکہ شیر افضل کے الزامات انکی ذاتی رائے ہے پارٹی کا موقف نہیں ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف شیرافضل مروت ایڈووکیٹ کی ٹویٹ کے مندرجات سے ہرگز اتفاق نہیں کرتی، تحریک انصاف کی قانونی ٹیم نامساعد اور مشکل ترین حالات میں نہایت محنت، لگن اور جانفشانی سے چیئرمین عمران خان، قائدین اور کارکنان کے مقدمات لڑ رہی ہے۔ شعیب شاہین ایڈووکیٹ تحریک انصاف کی قانونی ٹیم کے نہایت قابلِ احترام ممبر ہے۔

تحریک انصاف شعیب شاہین سمیت اپنی قانونی ٹیم کے ہر رکن  کی خدمات کو نہایت قدر و تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

 

The post پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/lxPm9zB
Previous Post Next Post

Contact Form