ورلڈکپ کی ناقص پلاننگ، بھارتی بورڈ پر تنقید کے نشتر چلنے لگے

 لاہور: ورلڈکپ کی ناقص پلاننگ پر امیر ترین بورڈ پر تنقید کے نشتر چلنے لگے جب کہ انتظامی غفلت کے سبب آئے روز شیڈول میں تبدیلیوں کی اطلاعات کا سلسلہ جاری ہے۔

بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے آغاز میں 2ماہ سے کم وقت رہ گیا مگر دنیا کے امیر ترین بورڈ کی انتظامی مشکلات ختم ہونے کا نام نہیں لے رہیں، ورلڈکپ شیڈولنگ کے معاملات پر پہلے ہی بعض بورڈز نے بی سی سی آئی سے تحفظات کا اظہار کردیا تھا، اب بھارتی تہواروں اور سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے شیڈول میں بار بار تبدیلی کی اطلاعات بھی آرہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمرشل ڈویژن نے بعض بڑے میچز چھوٹے وینیوز پر کروانے پر بھی اعتراض کیا ہے، مثال کے طور پر دھرم شالا میں بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ رکھے جانے پر آئی سی سی نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا،اسٹیڈیم کی گنجائش صرف 23ہزار ہے،بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے اس وینیو کی تبدیلی کا بھی عندیہ دیا مگر اعلان کب ہوگا کوئی نہیں جانتا، ابھی تک کئی معاملات میں حتمی فیصلے نہیں ہو پا رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے سارے ہی بولرز اچھے ہیں، بھارتی کپتان

بھارتی اور انٹرنیشنل میڈیا کی جانب سے بی سی سی آئی سے رابطہ کرنے پر یہی بتایا جاتا ہے کہ جلد ہی اہم فیصلے کرلیے جائیں گے، اس صورتحال سے رکن بورڈز تشویش میں مبتلا ہیں تو خود آئی سی سی بھی پریشان ہے،شیڈول طے نہ پانے کی وجہ سے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل ابھی تک شروع نہیں ہوا،غیرملکی شائقین بھی انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں کہ ٹکٹ ان کے ہاتھ لگیں تو اپنے سفر کا پلان، ہوٹلز کی بکنگ سمیت مختلف امور مکمل کریں۔

دوسری جانب جہازوں اور ہوٹلز کے کرائے ابھی سے آسمان سے باتیں کررہے ہیں، انتظامی معاملات میں سنگین غلطیوں کی وجہ سے میڈیا اور سوشل میڈیا پر بی سی سی آئی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے آغاز میں بہت کم وقت رہ گیا، دنیا کی بڑی اسپورٹس تنظیموں میں سے ایک بی سی سی آئی نااہل ادارہ ثابت ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی بدانتظامیاں ورلڈکپ کا مزا کرکرا کرنے لگیں

ایک صارف نے کہا کہ میگا ایونٹس کی بیشتر پلاننگ ایک سال قبل ہی کرتے ہوئے خاص ترتیب سے عمل درآمد کرنا ہوتا ہے، پہلے تو اتنی تاخیر سے معاملات شروع کیے گئے، اب غلط فیصلوں کو تبدیل کرنے کی وجہ سے شائقین، براڈ کاسٹرز اور کمرشل پارٹنرز غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔

ایک طرف بی سی سی آئی انتظامی گتھیاں سلجھانے کیلیے سخت دباؤ میں ہے تو دوسری جانب ٹیموں کی اپنی طور پر تیاریاں جاری ہیں، آسٹریلوی بورڈ کی جانب سے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا جاچکا،دیگر بھی فہرست تیار کرنے کیلیے غوروفکر کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ابتدائی نام5 ستمبر تک بھجوانے کا پیغام دے دیا گیا ہے،فائنل اسکواڈز جمع کروانے کی حتمی تاریخ 27ستمبر ہوگی۔

The post ورلڈکپ کی ناقص پلاننگ، بھارتی بورڈ پر تنقید کے نشتر چلنے لگے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/E36T8XM
Previous Post Next Post

Contact Form