بابراعظم نے ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا

ملتان: بابراعظم نے کم اننگز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

ملتان میں ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی ون ڈے کیریئر کی 19 ویں اور 31 ویں انٹرنیشنل سنچری بنائی۔

بابر اعظم نے 131 گیندوں پر 151 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو نہ صرف ان کا ون ڈے کرکٹ کا دوسرا سب سے بڑا اسکور تھا بلکہ ایشیا کپ کی تاریخ میں انفرادی بلے باز کا دوسرا سب سے بڑا اسکور بھی تھا۔

بھارت کے ویرات کوہلی ایشیا کپ میں 183 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ انفرادی اسکور کرنے والے کھلاڑی ہیں جو انہوں نے 2012 میں پاکستان کیخلاف بنائے تھے۔


افتخار احمد نے بھی میچ کے دوران اپنے او ڈی آئی کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔ 71 گیندوں پر 109 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں یہ انکا سب سے بڑا اسکور تھا۔

بابر اعظم نے 19 ویں سنچری اپنے او ڈی آئی کیریئر کی 102 ویں اننگز میں بنائی ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے اپنی 19 ویں سنچری اننگز نمبر 104 میں بنائی تھی۔

واضح رہے کہ بابراعظم او ڈی آئی میں پاکستان کے سب سے زیادہ 19 سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

لیجنڈ کرکٹر سعید انور 20 او ڈی آئی سنچریوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں تاہم انہوں نے یہ سنچریاں 244 اننگز کھیل کر بنائی تھیں اور بابراعظم نے ابھی صرف 102 اننگز کھیلی ہیں۔

نیپال کے خلاف میچ میں بابر اعظم اور افتخار احمد نے 131 گیندوں پر 214 رنز کی پارٹنرشپ کی جو ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کے لیے پانچویں وکٹ کا سب سے بڑا اسٹینڈ ہے۔

اس سے پہلے پانچویں وکٹ پر بہترین شراکت عمر اکمل اور یونس خان کے درمیان 2009 میں سری لنکا کے خلاف 176 رنز کی تھی۔

The post بابراعظم نے ہاشم آملہ کا ریکارڈ توڑ دیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/Yavdtg8
Previous Post Next Post

Contact Form