پی ایس ایل 8 کا ترانہ کتنے کروڑ روپے میں بنا؟

 کراچی: پی ایس ایل8  کا اینتھم ساڑھے 4 کروڑ روپے سے زائد کا بنا، حکومت کی جانب سے سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے دور کا آڈٹ آئندہ ماہ کے اوائل میں شروع ہوگا۔

پی ایس ایل 8 کا انعقاد رواں برس فروری، مارچ میں ہوا تھا،ایونٹ کیلیے پی سی بی نے ’’سب ستارے ہمارے‘‘ کے عنوان سے اینتھم (ترانہ) تیار کرایا۔

ذرائع کے مطابق اس پر ساڑھے چار کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی، تقریبا ڈھائی کروڑ روپے تو فنکاروں کی فیس ہی تھی،پاکستان میں ایک عام فلم بھی 5 کروڑ روپے میں بن جاتی ہے، اس لحاظ سے صرف اینتھم پر اتنی خطیر رقم خرچ ہونے پر آڈٹ میں اعتراضات سامنے آ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل8 کا آفیشل ترانہ ریلیز

ایونٹ کی افتتاحی تقریب پر تقریبا 25 کروڑ روپے لگے،بجٹ میں اس سے کم رقم رکھی گئی تھی،رمیز راجہ کے دور میں پی ایس ایل 7 کا آغاز کرتے ہوئے 4 سے 5 کروڑ روپے لگائے گئے تھے، البتہ نئی مینجمنٹ کا خیال تھا کہ مقابلوں کی ہائپ بنانے کیلیے بڑے پیمانے پر تقریب سجانا ضروری ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کئی اخراجات بجٹ سے بڑھ کر ہوئے، کئی امور میں کاغذات پر الگ رقم موجود جبکہ اخراجات اس سے زیادہ ہوئے،انھیں دیگر مد سے کور کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے سابقہ مینجمنٹ کمیٹی کے دور کا اسپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اس کا آغاز آئندہ ماہ کے اوائل میں ہوگا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان الرحمان مزاری کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں اگر کوئی بے ضابطگی پائی گئی تو ملوث آفیشل سے رقم وصول کی جائے گی، اس حوالے سے کسی قصوروار کو نہیں بخشیں گے۔

The post پی ایس ایل 8 کا ترانہ کتنے کروڑ روپے میں بنا؟ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/IYCfLXN
Previous Post Next Post

Contact Form