ترکی نے موساد کے 7 جاسوس گرفتار کرلیے

 انقرہ: ترکی کی خفیہ ایجنسی نے ملک میں سرگرم موساد کے جاسوسی حلقے کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 7 ملزمان کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترکی کی نیشنل انٹیلی جنس آرگنائزیشن (MİT) نے استنبول پولیس ڈیپارٹمنٹ کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے تعاون سے 56 کارندوں کے ایک جاسوسی حلقے کا پردہ فاش کیا جو مبینہ طور پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی جانب سے جاسوسی کر رہے تھے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ کارندوں کی کل تعداد میں سے سات کو حراست میں لیا گیا ہے جنہوں نے مبینہ طور پر موساد کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا۔ یہ افراد مبینہ طور پر ایک بڑے نیٹ ورک کا حصہ ہیں جس کی نگرانی تل ابیب میں مقیم موساد کے نو کارندے کررہے تھے اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

جاسوس کارندوں جن کا تعلق مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک سے ہے، نے مبینہ طور پر جاسوسی کے مختلف حربے استعمال کیے جن میں نگرانی، وائی فائی نیٹ ورکس کو ہیک کرنا اور GPS کے ذریعے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنا شامل ہے۔

ایجنٹس نے مبینہ طور پر آئی پی ایڈریس حاصل کرنے کے لیے عربی زبان کی کئی جعلی ویب سائٹس کا بھی استعمال کیا۔

The post ترکی نے موساد کے 7 جاسوس گرفتار کرلیے appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/c3uapCZ
Previous Post Next Post

Contact Form