کراچی: شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب ڈکیتوں کی فائرنگ سے پاکستانی نژاد کینیڈین شہری جاں بحق ہوگیا، مقتول عید منانے کے لیے دو روز قبل ہی کراچی آیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب ڈاکوؤں نے پاکستانی نژاد کینیڈین شہری کو مزاحمت پر زخمی کر دیا جو دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، مقتول اہلخانہ کے ہمراہ عیدالاضحیٰ منانے دو روز قبل ہی کینیڈا سے پاکستان آیا تھا۔
ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف عثمان نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 65 سالہ امین الدین علوی کے نام سے کی گئی جنھیں ڈکیتی کے دوران مزاحمت ہر گولی ران پر لگی تھی اور زائد خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
انہوں ںے بتایا کہ مقتول نارتھ ناظم آباد کا رہائشی اور دو روز قبل ہی کینیڈا سے عیدالاضحیٰ منانے اپنے گھر آیا تھا۔ رانا معروف عثمان نے بتایا کہ مقتول کے قبضے سے 1100 امریکی ڈالر ، 750 کینیڈین ڈالر اور 40 ہزار روپے ملے ہیں جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق امین الدین علوی گھر سے نکل کر کرنسی تبدیل کراوئی اور ان کے ہمراہ کچھ بچے تھے جنہیں وہ جوتے پہنانے کے لیے مذکورہ مقام پر اپنی گاڑی میں بیٹھے تھے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو آئے جس میں سے ایک ڈاکو انھیں نقدی چھیننے کے دوران مزاحمت پر ران پر گولی مار دی اور موقع سے اپنے ساتھی کے ہمراہ فرار ہوگئے۔
انھوں ںے بتایا کہ شبہ ہے کہ ڈاکو منی ایکسچینج سے ہی ان کے تعاقب میں تھے جبکہ پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے تاہم پولیس کو جائے وقوعہ سے کچھ شواہد ملے ہیں جبکہ پاپوشنگر پولیس عینی شاہدین سے بھی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
عباسی شہید اسپتال میں مقتول کے ورثا کا کہنا تھا کہ امین الدین علوی سوشل ویلفیئر کا کام بھی کرتے تھے اور وہ کھنڈو گوٹھ کے کچھ بچوں کو نئے جوتے پہنانے کے لیے اپنے ہمراہ لیکر گئے تھے کہ انتہائی افسوسناک واقعہ میں وہ اپنی جان سے چلے گئے جبکہ مقتول دل کے عارضہ میں بھی مبتلا تھے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے دوران ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 70 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
The post کینیڈا سے دو روز قبل کراچی آنے والا شخص ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/sm0jRB3