ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کی ریلی کی درخواست پر اجازت نہ دینے کا فیصلہ

 لاہور: ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی کی درخواست پراجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی کی درخواست پراجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈی سی آفس نے پی ٹی آئی کو مراسلہ بھی لکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی ریلی، لاہور میں دفعہ 144 نافذ، جلسے جلوس پر پابندی عائد

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 11 فروری کو ہونے والی ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی میں ریلی کے بارے میں جائزہ لیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ متعدد تھریٹ الرٹس موصول ہوئے ہیں جو خاص طور پر لاہور میں اجتماعات اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی نشاندہی کرتے ہیں لہٰذا ممکنہ خطرے کے پیش نظر پی ٹی آئی کی قیادت کی سیکیورٹی کے حوالے سے حساسیت کے پیش نظر ریلی جاری رکھنا مناسب نہیں ہے۔

مزید کہا گیا کہ پی ایس ایل میچ سمیت پہلے سے طے شدہ ایونٹس کی وجہ سے سیکیورٹی کے اہلکار پہلے ہی کم ہیں، جشن بہاراں کے واقعات اور مردم شماری کے دوران شمار کنندگان کا تحفظ بھی یقینی بنانا ہے لہذا ریلی کو دوبارہ ترتیب دینے کی سفارش کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج پُرامن ریلی نکلے گی اور عمران خان قیادت کریں گے، شاہ محمود قریشی

ڈی سی او آفس کی جانب سے مراسلے میں مزید کہا گیا کہ لاہور میں ریلی کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہوگا، ڈی سی آفس نے پی ٹی آئی کو ریلی نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

واضح رہے کہ وزارت داخلہ پنجاب نے لاہور میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی ریلی یا جلوس پر پابندی عائد کردی ہے۔

The post ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کی ریلی کی درخواست پر اجازت نہ دینے کا فیصلہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/SPLrb5g
Previous Post Next Post

Contact Form