استنبول: پاکستان کی جانب سے زلزلے کے بعد امدادی اور ریسکیو کاموں کے لیے ترکیہ بھیجی جانے والی ٹیم زبردست عوامی پزیرائی کے ساتھ وطن واپسی کیلیے روانہ ہوگئی ہے۔
پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے ترکیہ کے زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقے اڈیامن میں 17 روزہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا، پاکستانی ٹیم میں آرمی کا 33 رکنی دستہ اور ریسکیو 1122 کا 53 رکنی دستہ شامل تھا۔
ریسکیو ٹیموں نے مجموعی طور پر 91 مقامات پر امدادی کام کیا جبکہ 39 مقامات پر ریسکیو آپریشن میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحتوں کے جوہر دکھائے۔ شب و روز کاوشوں سے 8 افراد کو زندہ بچالیا گیا جن میں چھوٹے بچے بھی شامل تھے، اس کے علاوہ 5 دیگر زندہ افراد کی نشاندہی پر دوسری ریسکیو ٹیموں کی امداد سے ان افراد کو بھی بحفاظت زندہ نکالا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے ملبے تلے دب کر مرنے والے 138 افراد کی لاشیں نکال کر ترکیہ انتظامیہ کے حوالے کیں۔ ریسکیو ٹیم نے 2 سائٹس کو خیمہ بستی کیلٸے مکمل کلیئر کیا۔ ریسکیو ٹیم کا آپریشن مسلسل کئی روز تک جاری رہا، ترکیہ عوام کے دل جیت کر پاکستان کے امدادی کارکنان نے دنیا بھر میں وطن عزیز کے نام کو سرخرو کیا۔
اُدھر ریسکیو ٹیم کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی سفیر اور استنبول کے ڈپٹی گورنر ازلیم بوزکرٹ گیورک نے شرکت کی اور پاکستانی رضاکاروں کو شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکی کے حکام نے پاکستانی ٹیم کو تالیوں کے ساتھ رخصت کیا اور کہا کہ پاکستان امداد اور بحالی کی کوششوں میں فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
واضح رہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلٸے سب سے پہلے پہنچنے اور سب سے آخر میں وہاں سے نکلنے پر بین الاقوامی اور ترکیہ میڈیا پر پاکستان کی ریسکیو ٹیم کی تعریفیں بھی کی گئیں۔
ٹیم کامیاب ریسکیو آپریشنز کے بعد استنبول سے روانہ ہوگئی جو کل علی الصبح وطن واپس لوٹے گی۔
دوسری جانب وطن واپسی پر ترکیہ کے ایئرپورٹ پر پاکستانی ریسکیو ٹیم کو شاندار انداز میں الوداع کیا گیا جہاں ہوائی اڈے پر موجود ترک حکام نے تالیاں بجا کر عملے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک ترک دوستی زندہ باد کے نعرے بھی فضا میں بلند ہوئے۔
قوم کے ان بہادر اور فرض شناس بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ترکیہ کے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی زلزلہ کی تباہی کے دوران زندگیاں بچائیں، دن رات انسانیت کے جذبے سے کام کیا۔ ترکیہ میں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر ریسکیو 1122 کے دستے کی وطن واپسی کا قابل فخر اور روح پرور نظارہ pic.twitter.com/Z1TNO8Mhrv
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) February 23, 2023
اُدھر وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’قوم کے ان بہادر اور فرض شناس بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ترکیہ کے بہنوں، بھائیوں اور بچوں کی زلزلہ کی تباہی کے دوران زندگیاں بچائیں‘۔ انہوں نے لکھا کہ ریسکیو حکام نے دن رات انسانیت کے جذبے سے کام کیا۔ ترکیہ میں ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر ریسکیو 1122 کے دستے کی وطن واپسی کا قابل فخر اور روح پرور نظارہ۔
The post ترکیہ زلزلہ، پاکستانی ریسکیو ٹیم زبردست عوامی پذیرائی کے ساتھ وطن واپس روانہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/R5Sg43F