دکی میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ، ایک اہلکار شہید

بلوچستان کے علاقے دکی میں دہشت گردوں نے پولیس تھانے پر حملہ کیا جس میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کو ضلع دکی کے پولیس تھانے پر نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے بڑے ہتھیاروں سے حملہ کیا، جس میں پولیس اہلکار سید حسن زرکون شہید ہو گئے جبکہ 3 دیگر اہلکار محمد ولی زرکون اور بلوچ خان لونی زخمی ہوئے۔ پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے مقابلہ کیا حملے کو ناکام بنادیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تھانے پر اچانک فائرنگ شروع کر دی تھی تاہم تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر جوابي کارروائی کی اور دہشت گردوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا۔ شہید سید حسن زرکون کی شہادت نے پولیس افسران اور اہلکاروں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی جبکہ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی دکی منصور احمد بزدار کی قیادت میں پولیس، اے ٹی ایف  اور ایف سی کی کوئک ریسپانس فورس موقع پر پہنچی۔ سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیر لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا، علاقے میں دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے اور ممکنہ طور پر ان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ ایس پی منصور احمد بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے جواں مردی کا ثبوت دیا ہے، دہشت گردوں کو اس علاقے میں کوئی پناہ گاہ نہیں ملے گی شہید کے خاندان کے ساتھ ہم کھڑے ہیں اور زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی ایک نئی کڑی ہے، صوبائی حکومت اور سیکورٹی ایجنسیاں اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 8 سے 10 کے درمیان تھی جو جدید اسلحہ سے لیس تھے۔ آخری اطلاعات کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے آس پاس کے علاقوں میں چوکیاں قائم کر لی ہیں اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔

from The Express News https://ift.tt/RpnvG1B
Previous Post Next Post

Contact Form