بھارت اور کینیڈا کے تعلقات میں بہتری، نئے ہائی کمشنرز کی تقرری کا اعلان

بھارت اور کینیڈا کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، دونوں ممالک نے ایک سال سے خالی پڑے ہائی کمشنر کے عہدوں پر اپنے نئے نمائندے مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کینیڈا نے تجربہ کار سفارتکار کرسٹوفر کوٹر کو بھارت میں اپنا نیا ہائی کمشنر مقرر کیا ہے جبکہ بھارت نے دنیش کے پٹنائک کو کینیڈا میں ہائی کمشنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ سال کینیڈا اور بھارت کے تعلقات اُس وقت شدید بحران کا شکار ہوئے تھے، جب اُس وقت کے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارتی حکومت پر سکھ علیحدگی پسند رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا الزام عائد کیا تھا۔ کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر کہا کہ نئے ہائی کمشنر کی تقرری اس بات کا ثبوت ہے کہ کینیڈا بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ دنیش کے پٹنائک جلد ہی کینیڈا میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ ماہرین کے مطابق یہ تقرری دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ثابت ہوسکتی ہے۔  

from The Express News https://ift.tt/pR2iNKu
Previous Post Next Post

Contact Form