قتل کیس میں گرفتار بھارتی اداکار کو جیل میں ‘ٹی وی’ کی سہولت فراہم

بنگلورو: 33 سالہ رینوکا سوامی کا قتل کرنے والے بھارت کی کنڈا فلموں کے اداکار درشن تھگو دیپا کو جیل میں بھی ٹی وی کی سہولت مل گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار درشن نے گزشتہ ہفتے جیل حکام سے اُن کے سیل میں ایک ٹیلی وژن لگانے کی درخواست کی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے کیس میں چارج شیٹ کے حوالے سے خبروں سے باخبر رہنا چاہتے ہیں اور یہ جاننے کے لیے ‘متجسس’ ہیں کہ جیل سے باہر کی دنیا میں کیا ہو رہا ہے۔

اداکار درشن کی درخواست پر جیل حکام نے آج یعنی 7 ستمبر کی صبح اداکار درشن کے سیل میں 32 انچ کا ٹیلی ویژن لگانے کی اجازت دی، اس سے قبل اداکار نے جیل حکام سے سرجیکل چیئر اور فون کال کرنے کی اجازت کی درخواست کی تھی۔

جیل حکام نے اداکار درشن کی درخواست پر اُنہیں سرجیکل چیئر بھی فراہم کی تھی اور ساتھ ہی اُنہیں فون کال کرنے کی اجازت بھی دی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارتی اداکار نے مقتول کے جسم کے نازک حصوں پر بدترین تشدد کیا، چارج شیٹ

پولیس ذرائع نے انکشاف کیا کہ درشن اپنے خلاف چارج شیٹ جاری ہونے کے بعد سے شدید ذہنی دباؤ میں ہیں اور وہ عدالت کے آنے والے فیصلے کے لیے بھی پریشان ہیں۔

واضح رہے کہ اداکار درشن تھگو دیپا نے چند ماہ قبل 33 سالہ رینوکاسوامی کا بےدردی سے قتل کیا تھا جس کے بعد اداکار کو جون میں کرناٹک پولیس نے گرفتار کرلیا تھا اور حال ہی میں پولیس نے اس قتل کیس میں اداکار کے خلاف چارج شیٹ جاری کی۔

کرناٹک پولیس کی جانب سے جاری کی گئی چارج شیٹ میں رینوکا سوامی کے قتل سے قبل وحشیانہ اور انسانیت سوز تشدد کی تفصیل دی گئی ہے۔

The post قتل کیس میں گرفتار بھارتی اداکار کو جیل میں ‘ٹی وی’ کی سہولت فراہم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/hv3tBqg
Previous Post Next Post

Contact Form