کراچی: شہر میں جاری ڈاکو راج کسی بھی صورت تھمنے کا نام نہیں لے رہا ، ایوب گوٹھ میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان لے لی ، رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 85 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق ایوب گوٹھ کے علاقے بے نظیر چوک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جائی گئی جہاں مقتول کی شناخت 40 سالہ اللہ ڈنو ولد گل حسن کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او سائٹ سپرہائی وے نور محمد شیخ نے بتایا کہ مقتول اور اس کا بھائی پاپڑ بنانے والی فیکٹری میں کام کرتے ہیں اور چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر اپنی رہائش گاہ سرجانی ٹاؤن جا رہے تھے کہ اس دوران 125 موٹر سائیکل پر 2 ڈاکوؤں نے انھیں روک لیا اور جس پر مقتول کے بھائی نے ڈاکوؤں کو اپنا موبائل فون دیدیا جبکہ مقتول اللہ ڈنو جو کہ موٹر سائیکل بھی چلا رہا تھا اس نے ڈاکوؤں سے مزاحمت کی جس پر ان کی فائرنگ سے ایک گولی اسے سینے پر لگی اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
دریں اثنا چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی الفلاح روڈ پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 22 سالہ نور حسن کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لے جایا گیا جبکہ نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی فلائی اوور کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 32 سالہ انیس نامی شہری کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
The post کراچی؛ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/Nl3vSWj