وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب اور قازقستان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

 اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیراعظم شہبازشریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان عید الاضحیٰ کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ملائیشیا کے برادرانہ عوام اور امت مسلمہ کی خوش حالی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز پر ملائیشیا کے اصولی اور مستقل مؤقف کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو مزید تیز کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔

بیان کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبیاور خوش گوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دوطرفہ تعلقات کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جو کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔

اپریل 2024 میں ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر اپنی حالیہ نتیجہ خیز ملاقات کے ساتھ ساتھ گزشتہ چار مہینوں میں دو ٹیلی فونک روابط کو دہراتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح کے باقاعدہ تبادلے برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تاریخی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو کو عید الاضحیٰ کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارک باد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔

اس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا، قازقستان کے صدر نے شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی صورت حال مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مکمل صلاحیت کے ساتھ بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے اہم ہیں اور دونوں فریقین کو اس اہم جہت پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔

علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ 3 سے 4 جولائی 2024 کو آستانہ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہان مملکت کے اجلاس میں شرکت کے منتظر ہیں۔

قازقستان کے صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں مدعو رہنما علاقائی تعاون آگے بڑھانے کے لیے ایک جامع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان کے مطابق وزیراعظم نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت بھی دی، جسے قازقستان کے صدر نے خوش اسلوبی سے قبول کیا۔

The post وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب اور قازقستان کے صدر سے ٹیلیفونک رابطہ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/cYHDWaT
Previous Post Next Post

Contact Form