گلشن معمار میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے سے واٹر بورڈ کا عہدیدار جاں بحق

  کراچی: گلشن معمار کے علاقے جنجال گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے مبینہ طور پر ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کرکے واٹر بورڈ کے ملازم کو سر پر گولی مار کر قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق گلشن معمار کے علاقے جنجال گوٹھ میں واٹر بورڈ سوسائٹی کے قریب  فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگئے، جن کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی جہاں مقتول کی شناخت 45 سالہ رستم کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر  ایس ایس پی ویسٹ حفیظ الرحمان بگٹی جائے وقوع پر پہنچے جبکہ ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ فوری طور واقعے کی نوعیت کاعلم نہیں ہوسکا تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول واٹر بورڈ کا ملازم تھا اور وہ موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ نامعلوم ملزمان نے ان کے سر پر ایک گولی ماری جو جان لیوا ثابت ہوئی، پولیس نے جائے وقوع پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں، مقتول کی جیب میں موبائل فون اور رقم بھی موجود ہے۔

ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا، مقتول کے اہل خانہ اور رشتے داروں نے بھی واقعے کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل قرار دیا ہے تاہم پولیس نے ڈکیتی مزاحمت سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کہ جائے وقوع پر سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں اور جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت علاقے میں بجلی بھی نہیں تھی۔

The post گلشن معمار میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر گولی لگنے سے واٹر بورڈ کا عہدیدار جاں بحق appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/hKayscx
Previous Post Next Post

Contact Form