کراچی: بجلی کی عدم فراہمی پر لیاری اور شاہ فیصل کالونی میں احتجاج

  کراچی: بجلی کی عدم فراہمی پر شہریوں کے احتجاجی مظاہروں اور شدید گرمی کے باوجود بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

آگ برستاتی گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی پر میران ناکہ اور شاہ فیصل کالونی میں بلبلائے ہوئے شہریوں کو بالآخر احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑا جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق جمعرات کی دوپہر لیاری میراں ناکہ جانب شیر شاہ آنے جانے والے دونوں اطراف پنکھا ہوٹل کے سامنے علاقہ مکینوں کی جانب سے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا گیا جس کی اطلاع پر ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کو میراں ناکہ چوک سے مرزا آدم خان روڈ کی جانب اور بکرا پیڑی کی جانب موڑ دیا، اس کے علاوہ شیر شاہ سے آنے والی ٹریفک کو گلبائی کی طرف بھیج موڑ دیا گیا۔

دوسری جانب جمعرات کی شام شاہ فیصل کالونی 2 نمبر ریتا پلاٹ باغ کورنگی روڈ پر بھی علاقہ مکینون ںے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا ، ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کی اطلاع ملتے ہی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور گاڑیوں کو متبادل راستوں سنگر چورنگی سے داؤد چورنگی اور شاہ فیصل کالونی نمبر 2 سے عظیم پورہ کی طرف موڑ دیا۔

تاہم دونوں مقامات پر کیے جانے والے احتجاج مظاہروں کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ شہر میں روز کی بنیاد پر بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ناصرف امن و امان بلکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے عام شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ وہ خود بھی اپنے علاقوں میں بجلی کی بندش سے متاثر ہیں۔

اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ  شدید گرمی میں گھروں میں نہ تو بجلی ہے اور نہ ہی پانی میسر آرہا ہے آخر کس کے در پر جا کر فریاد کریں،  کبھی شیڈول لوڈشیڈنگ کے نام پر بجلی بند کی جا رہی ہے تو کبھی مینٹینس اور کیبل فالٹس سمیت دیگر بہانوں سے بجلی بند کی جا رہی ہے جس کا نیپرا حکام کو سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔

The post کراچی: بجلی کی عدم فراہمی پر لیاری اور شاہ فیصل کالونی میں احتجاج appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/edWhqFO
Previous Post Next Post

Contact Form