عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی

 اسلام آباد: 

ملک بھر میں آج عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی، مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز کے اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا۔

ملک بھر میں  عیدالفطر مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے۔

نماز عید کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کی خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی جس کے بعد  لوگ ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کریں گے۔

عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی آمد پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی رمضان المبارک کی عبادات کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ  عید الفطر ہمدردی، بھائی چارے، سخاوت اور معاشرے میں امن و خوشحالی کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے، معاشرے میں اپنے معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو انکی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوری قوم سے یہ اپیل کرونگا کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیشِ نظر، صاحبِ ثروت لوگ اپنے اردگرد موجود ایسے لوگوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شامل کریں جو معاشی طور پر کمزور ہیں۔

وزیراعظم نے عید الفطر کے موقع پر پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے ملک کے امن اور سلامتی کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا کے مسلمانوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ غاصب قوتوں کے ہاتھوں ظلم و جبر کا شکار اپنے نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

The post عید الفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/1pBVUFb
Previous Post Next Post

Contact Form