نومنتخب اراکین کی حلف برداری، قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہوگا

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے نومنتخب اراکین کی حلف برداری کیلیے 16ویں قومی اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق 16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صبح دس بجے شروع ہوگا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔
افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائیگا۔ سابق وزرائے اعظم نواز شریف ، شہباز شریف ، سابق صدر آصف علی زرداری، علیم خان اور راجہ پرویز اشرف کو حکومتی بنچز کی فرنٹ لائن پر نشستیں الاٹ کردی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ اپوزیشن  کے عمر ایوب، سابق اسپیکر اسد قیصر ،صاحبزادہ حامد رضا، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی اگلی نشستوں پر بیٹھیں گے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے جانب سے جاری شیڈول کے مطابق افتتاحی اجلاس دو نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہوگا، اجلاس کے آغاز پر تلات کلام پاک و حمد وثناء کے بعد قومی ترانہ پڑھا جائے گا جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نومنتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیں گے۔

حلف برداری کی تقریب کے بعد ارکان اسمبلی یکے بعد دیگرے اسپیکر اسمبلی کی ڈائس پر جاکر رول آف ممبر پر دستخط کریں گے۔ اجلاس کے اختتام پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر الیکشن کے شیڈول کااعلان کرنے کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔

دوسری جانب افتتاحی اجلاس کیلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،  نومنتخب ارکان اسمبلی کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا جائے گا جبکہ ایوان کے اندر تما م سیاسی جماعتوں کے نو منتخب ممبران کو نشستیں بھی آلاٹ کر دی گئی ہیں۔

حکومتی اور اپوزیشن سائیڈ پر پہلی نشست کوخالی چھوڑ دیا گیا ہے، قائد ایوان کے انتخاب کے بعد حکومتی بنچز پر پہلی نشست پر وزیر اعظم جبکہ اپوزیشن سائیڈ پر پہلی نست اپوزیشن لیڈر کیلئے مختص کی جائے گی۔

حکومتی بنچز پر قائد ایوان کے ساتھ پہلی نشست سابق وزیر اعظم نواز شریف کو الاٹ کی گئی ہے، نواز شریف کے ساتھ ،شہباز شریف خواجہ آصف کو بھی نشست الاٹ کی گئی ہے جبکہ حکومتی بنچزپر فرنٹ لائن میں سابق صدر آصف علی ذرداری ، بلاول بھٹو زرداری ،راجہ پرویز اشرف ،خالد مقبول صدیقی ،علیم خان ،طارق بشیر چیمہ براجمان ہوں گے۔

اپوزیشن سائیڈ پر تحریک انصاف  کے  حمایت یافتہ عمر ایوب کواپوزیشن لیڈر کے ساتھ پہلی نشست الاٹ کی گئی  ہے، سابق اسپیکر اسد قیصر ،علی محمد خان ، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا بھی اپوزیشن کی فرنٹ لائن میں بیٹھیں گے۔

مولانا فضل الرحمان ،سردار اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی  بھی اپوزیشن بنچز پر فرنٹ لائن کی نشستوں پر براجمان ہوں گے۔

قبل ازیں اسمبلی کے سیکریٹری طاہر حسین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ وزارت پارلیمانی امور کی جانب سے نگراں وزیر اعظم کو سمری ارسال کی گئی جس پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور وزارت قانون سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 2 کے  تحت افتتا حی اجلاس بلانے کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

The post نومنتخب اراکین کی حلف برداری، قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس آج ہوگا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/UbCO3T0
Previous Post Next Post

Contact Form