ایم کیو ایم کارکن کے قتل کی شدید مذمت اور اہلخانہ سے افسوس کرتے ہیں، حافظ نعیم

  کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ناظم آباد میں پیپلزپارٹی سے تصادم میں ایم کیو ایم کارکن کے قتل کی شدید مذمت اور اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔

ادارہ نورحق میں  پریس کانفرنس سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ناظم آباد میں کھلے عام فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے کہاں تھے؟ شہر کو ایک بار پھر آگ میں جھونکنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی امن و امان کو یقینی بنانے اور پُر امن انتخابی ماحول کے حوالے سے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے بھی رابطہ کرے گی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی ایک بار پھر جلاؤ گھیراؤ، قتل و غارت اور نفرت کی سیاست کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب کر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے اور ووٹرز ٹرن آؤٹ کم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شر پسند عناصر نے پھر سے سر اُٹھانا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ناظم آباد میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے میں ایم کیو ایم کے کارکن کے قتل کی شدید مذمت اور مقتول کے اہل خانہ سے اظہار افسوس کرتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ واقعے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ دھاندلی اور دہشت گردی قبول نہیں کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ 8 فروری کو فوج اور رینجرز کو پولنگ اسٹیشن کے باہر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعین کرے اور انتخابات سے قبل بھی پُر امن ماحول کو یقینی بنائے تاکہ ووٹرز آزادانہ اپنے ووٹ ڈالنے آسکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہل کراچی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر باغ جناح گراونڈ میں ”جلسہ اعلان کراچی“ کو تاریخی جلسہ بنایا۔ کل کے جلسے نے 8 فروری کے الیکشن کا رخ متعین کردیا ہے۔ جماعت اسلامی نے ضلع وسطی میں بلدیاتی انتخابات میں کلین سوئپ کیا اور شہر کے دیگر علاقوں سے بھی سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں، عام انتخابات میں بھی ہماری جیت یقینی ہے۔

The post ایم کیو ایم کارکن کے قتل کی شدید مذمت اور اہلخانہ سے افسوس کرتے ہیں، حافظ نعیم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/mCdj7F3
Previous Post Next Post

Contact Form