“نانا پاٹیکر جھوٹ بول رہے ہیں”؛ تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان آگیا

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر کی فلم کی شوٹنگ کے دوران تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان سامنے آگیا۔

گزشتہ دنوں نانا پاٹیکر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک مصروف سڑک پر اپنی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، اُسی دوران ایک نوجوان مداح اداکار کے قریب آتا ہے اور سیلفی لینے کی کوشش کرتا ہے جس پر نانا پاٹیکر مداح کو زور دار تھپڑ مار دیتے ہیں۔

نانا پاٹیکر کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد اداکار نے اپنے مداحوں سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی فلم کا ایک سین تھا جس میں اُنہیں ایک نوجوان کو تھپڑ مارنا تھا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ اُنہوں نے اُس نوجوان مداح کو اپنی ٹیم کا رُکن سمجھا تھا اور فلم کا سین سمجھ کر اُسے تھپڑ مار دیا تھا۔

نانا پاٹیکر کی اس معافی کے بعد اب اُس نوجوان مداح کا بھی بیان سامنے آگیا ہے، بھارتی میڈیا کے مطابق مداح نے کہا کہ “میں اپنے گھر میں موجود تھا جب مجھے پتا چلا کہ باہر فلم کی شوٹنگ ہورہی ہے”۔

نوجوان لڑکے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ “میں شوٹنگ دیکھنے کے لیے باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ سامنے نانا پاٹیکر ہیں، میں سیلفی کے لیے اُن کے پاس گیا لیکن اُنہوں نے میرے ساتھ سیلفی لینے کے بجائے مجھے تھپڑ مار کر وہاں سے بھگا دیا”۔

لڑکے نے نانا پاٹیکر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ “اداکار کا مجھے تھپڑ مارنا اُن کی فلم کا حصہ نہیں تھا، نانا پاٹیکر جھوٹ بول رہے ہیں، اُنہوں نے مجھے جان بوجھ کر تھپڑ مارا”۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘دی ویکسین وار” کے بعد نانا پاٹیکر اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اسی شوٹنگ کے دوران مداح کو تھپڑ مارنے کا واقعہ پیش آیا۔

The post “نانا پاٹیکر جھوٹ بول رہے ہیں”؛ تھپڑ کھانے والے مداح کا بیان آگیا appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/cliRzBY
Previous Post Next Post

Contact Form