نواز شریف کا استقبال؛ استحکام پاکستان پارٹی نے عون چوہدری سے وضاحت طلب کرلی

 لاہور: استحکام پاکستان پارٹی نے ایئرپورٹ پر نواز شریف کا استقبال کرنے پر عون چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی کے مطابق عون چوہدری کی نواز شریف سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہونے والی ملاقات کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ اس معاملے پر عون چوہدری سے تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ اگر عون چوہدری ذاتی حیثیت میں گئے ہیں تو اس کی فوری وضاحت کریں، عون چوہدری کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: میرے دل میں انتقام کی نہیں خوشحالی کی تمنا ہے، سیاسی جماعتیں اور ادارے ملکر کام کریں، نواز شریف

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف ہفتہ 21 اکتوبر کو چار سال بعد دبئی سے غیر ملکی ایئرلائن کی خصوصی چارٹرڈ فلائٹ ایف زیڈ 4525 کے ذریعے پاکستان پہنچے تھے۔

سینیٹر اسحاق ڈار ودیگر لیگی رہنماؤں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا تھا تاہم سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کو بھی رن وے کے قریب نواز شریف کا استقبال کرتے دیکھا گیا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف چار سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد پاکستان پہنچ گئے

عون چوہدری نے نواز شریف سے مصافحہ کیا اور گلے ملے جس کے بعد دونوں کے مابین کچھ دیر گفتگو ہوئی۔ عون چوہدری نے نوازشریف کی ہیلی کاپٹر کے دروازے تک رہنمائی کی۔

عون چوہدری کا شمار استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن ان چیف جہانگیر ترین کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ ماضی میں وہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بھی بہت قریب تھے اور ان کے سیاسی و ذاتی معاملات کو دیکھتے تھے۔

مزید پڑھیں: نواز شریف سرکاری پروٹوکول میں جاتی امرا پہنچ گئے، پولیس کی سیکیورٹی پر وضاحت

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو 16 نومبر 2019 کو لاہور ہائی کورٹ نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے 4 ہفتوں میں وطن واپسی کا حکم دیا تھا۔

نواز شریف 19 نومبر 2019 کو عدالتی اجازت ملنے کے بعد علاج کی غرض سے برطانیہ گئے تھے تاہم تقریباً چار سال بعد انکی وطن واپسی ہوئی ہے۔

The post نواز شریف کا استقبال؛ استحکام پاکستان پارٹی نے عون چوہدری سے وضاحت طلب کرلی appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/nEcHL8G
Previous Post Next Post

Contact Form