ملک میں عام انتخابات 3 سے 4 ماہ میں ہوں گے، نگراں وزیراعظم

 اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات تین سے چار ماہ میں ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے مجھے متفقہ طور پر نگران وزیراعظم منتخب کیا، آئینی تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے چھوٹے صوبے سے مجھے منتخب کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ انتخابی عمل جلد مکمل ہو گا، نگران کابینہ محدود مدت کیلئے ہے، معاشی مسائل سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں نئے صدر کے انتخاب تک صدر اپنے عہدے پر کام جاری رکھ سکتے ہیں جبکہ نیا الیکٹورل کالج مکمل ہونے کے بعد نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ البتہ گر صدر ازخود مستعفی ہو جائیں تو پھر چیئرمین سینیٹ قائمقام صدر بن سکتے ہیں۔

بجلی کے بلوں سے متعلق مسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں کے معاملے پر بتدریج بہتری لائی جائے گی۔ درآمدی ایندھن سے پیداوار کے بجائے مقامی وسائل سے بجلی کی زیادہ سے زیادہ  پیداوار کے خواہاں ہیں۔ مسائل کیلئے توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں لائن لاسز، ترسیلی نظام میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ کچھ ڈسکوز کی نجکاری کر رہے ہیں، اس سے بجلی کی ترسیل میں بہتری اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری آئے گی۔

نگراں وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے تاجر برادری کو اعتماد میں لے رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کو ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کے خلاف مربوط حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ گزشتہ پارلیمنٹ نے نگران وزیراعظم کو کچھ اختیارات دئیے ہیں۔ ہم ان اختیارات کے تحت بہتری کیلئے اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

The post ملک میں عام انتخابات 3 سے 4 ماہ میں ہوں گے، نگراں وزیراعظم appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/aVAq5NJ
Previous Post Next Post

Contact Form