نئے میوزک پراجیکٹس کیلیے بلال سعید اور آئمہ بیگ کے ساتھ کام کروں گا، گلوکار عمار بیگ

لاہور: نامور گلوکارعمار بیگ کا کہنا ہے کہ اپنے نئے میوزک پراجیکٹس کے لیے بلال سعید اور آئمہ بیگ کے ساتھ کام کرنے جا رہا ہوں، خوشی ہے کہ میں نے مقامی میوزک انڈسٹری میں قدم رکھا ہے اور پہلے ہی گانوں کی 6 ویڈیوز ریلیز کر چکا ہوں۔

ایکسپریس سے خصوصی بات چیت میں گلوکار عمار بیگ نے کہا کہ صرف بارہ سال کی عمر میں ہریتک روشن، ششمیتاسین، سلمان خان، سکھوندرسنگھ سمیت دیگر بالی وڈ کے مشہور فلمی ستاروں کے سامنے اپنی آواز کا جادو جگایا اور بھر پور داد سمیٹی، انہیں گانے کا شوق بچپن سے ہی تھا، ہوش سنبھالتے ہی گائیکی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا اور اپنے والد نامور گلوکار وارث بیگ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے میوزک انڈسٹری کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ مختلف زبانوں بشمول انگلش، ہسپانوی، اردواور پنجابی زبان میں گانے ریکارڈ کراچکے ہیں جبکہ برطانیہ کے مشہور سنگر ناٹی بوائزکے ساتھ مل کر نئے میوزک ٹریکس اور دھنیں ترتیب دے رہاہوں۔

امریکا اور انگلینڈ میں موسیقی سیکھنے والے معروف گلوکار وارث بیگ کے بیٹے عمار بیگ کا مزیدکہنا تھا کہ انہوں نے امریکہ میں قائم ریکارڈ لیبل ایمپائر کے ساتھ ایک معاہدہ بھی کیا ہے تاکہ میں پاکستانی آواز اور موسیقی کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروا سکوں اور اپنے والد سمیت دنیا کے بڑے گلوکاروں کی طرح ملک وقوم کا نام روشن کر سکوں۔

ایک سوال پر عمار بیگ نے کہا کہ انہیں ابتدائی برس سے ہی موسیقی کا جنون تھا کیونکہ وہ امریکہ میں ایک ہائی اسکول کوئر کا حصہ تھے اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں تربیت کے علاوہ نیویارک یونیورسٹی سے موسیقی میں ڈپلومہ کیا، عصری موسیقی سیکھنے کے ساتھ ساتھ انہوں نے کلاسیکی گلوکار ضیاء الحق اور استاد غلام علی سے بھی کلاسیکل گائیکی سیکھی۔

عمار بیگ نے کہا کہ میں اپنی موسیقی خود لکھتا ہوں،خود کمپوز اور پروڈیوس کرتا ہوں، وہ جلد ہی اپنے والد وارث بیگ کے ساتھ ایک ہسپانوی اردو گانا ریلیزکروں گا، انہوں نے اپنے گانوں کی ویڈیوز کو ایک نیا اور تازہ روپ دینے کے لیے اپنے دو گانے امریکا میں بھی ریکارڈ کیے ہیں، دونوں گانے جلد ریلیز کیے جائیں گے۔

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمار بیگ کا کہنا تھا کہ پاکستانی لوگ میوزک لوورز ہیں اور میوزک انڈسٹری میں منفرد صوتی آلات اور دھنوں کو خوب پسند کرتے ہیں، اس لئے میری کوشش ہوتی ہے کہ میں اپنے سامعین کی پسند کو مدنظر رکھ کر میوزک ترتیب دوں۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کیلئے محنت لازم و ملزوم ہے اور میرے والد نے بھی مجھے باقاعدگی سے ریاض کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، گانا میرا جنون ہے اور اپنے اس جنون کی تکمیل کیلئے میں نے ہمیشہ کچھ منفرد کرنے کی کوشش کی ہے، میری بہت سی میوزک ویڈیوز اور گانے جلد ریلیز ہو رہے ہیں جو یقینا سامعین کو پسند آئیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں  آج جو کچھ بھی ہوں پاکستان کے بدولت ہوں ،فلاحی کاموں میں بر چڑھ کے حصہ لے کر خوشی ہوتی ہے ،مستقبل میں بھی چیرٹی  کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔

The post نئے میوزک پراجیکٹس کیلیے بلال سعید اور آئمہ بیگ کے ساتھ کام کروں گا، گلوکار عمار بیگ appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/LhtjdcU
Previous Post Next Post

Contact Form