بلوچستان حکومت کی شاہراہوں پر قائم تمام چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کی ہدایت

 کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں بغیر اجازت کے چیک پوسٹوں کے قیام پر پابندی عائد کرتے ہوئے شاہراہوں پر قائم ناکے فوری ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی کابینہ نے سیکیورٹی چیکنگ کی آڑ میں سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں کے قیام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکیورٹی اداروں کو شاہراہوں سے ناکے فوری ختم کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آئندہ صوبے میں کوئی بھی ادارہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر کسی بھی شاہراہ پر چیک پوسٹ قائم نہیں کرے گا، چیک پوسٹ کے قیام کے لیے محکمہ داخلہ سے اجازت لینا لازم ہوگا۔

صوبائی کابینہ کے اراکین نے کہا کہ چیک پوسٹوں کی آڑ میں عوام کی تذلیل کسی صورت قبول نہیں ہے، عوام کی عزت نفس کو ہر گز پامال نہیں ہونے دیا جائیگا، بسوں اور گاڑیوں میں سوار خواتین بچوں مریضوں اور بوڑھوں کو چیک پوسٹوں  پر گھنٹوں روکا جاتا ہے۔

کابینہ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی سیکیورٹی ادارے ملکی سرحدوں کا تحفظ اور سمگلنگ اور منشیات کی روک تھام یقینی بنائیں، کسٹم کوسٹ گارڈ پولیس اور لیویز کو چیک پوسٹیں بنا کر لوگوں کو تنگ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

صوبائی کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ سیکیورٹی ادارے سماج دشمن عناصر کے خلاف ٹارگیٹڈ کاروائیاں کریں تاہم شاہراہوں پر چیک پوسٹوں کی افادیت کبھی سامنے نہیں آئی اور نہ ہی کوئی دہشت گرد آج تک بسوں سے گرفتار ہوا۔

کابینہ نے سریاب روڈ سمیت کوئٹہ کے دیگر علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے پولیس اور انسداد منشیات فورس کو فوری آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی۔

The post بلوچستان حکومت کی شاہراہوں پر قائم تمام چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کی ہدایت appeared first on ایکسپریس اردو.



from ایکسپریس اردو https://ift.tt/NUPsmHu
Previous Post Next Post

Contact Form