کراچی: قومی فضائی کمپنی کے بوئنگ طیارے کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملائیشیا میں روک لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ کوالالمپور ائرپورٹ پر روکا گیا۔ بی ایم ایچ رجسٹریشن نمبر کے حامل طیارے کو ائرپورٹ انتظامیہ نے دوسری بار روکا ہے ۔ طیارہ مقامی عدالت کے احکامات پر 4 ملین ڈالرز واجبات وصولی کے لیے روکا گیا۔
پی آئی اے کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ملائیشین کمپنی سے لیز پر ایک طیارہ حاصل کیا گیا تھا ۔ لیز رقم کی عدم ادائیگی پر متعلقہ کمپنی نے واجبات وصولی کے لیے مقامی عدالت حکمنامہ حاصل کیا تھا۔ عدالتی احکامات پر کچھ عرصہ قبل بھی اس بوئنگ طیارے کی ضبطگی کی کارروائی کوالالمپور ائرہورٹ پر کی گئی تھی ۔ بعد ازاں سفارتی چینل کے ذریعے واجبات ادائیگی کی یقین دہانی پر طیارے کو روانگی کی اجازت دی گئی تھی۔
اس کے بعد ایک بار پھر 4 ملین ڈالرز کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے پرواز پر مشتمل طیارے کو اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔پی آئی اے پرواز نمبر پی کے 894 پر مشتمل طیارہ اسلام آباد سے کوالالمپور پہنچا تھا ۔ پرواز پر پائلٹ ،معاون پائلٹ کے علاوہ 10 فضائی میزبان تعینات ہیں ۔ مسافروں کی وطن واپسی کے لیے ئے پی آئی اے نے پی ایچ ایکس رجسٹریشن کا بوئنگ 777 متبادل طیارہ روانہ کیا ہے۔
The post واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کا بوئنگ 777 ملائیشیا میں روک لیا گیا appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/FRNrlae