لاہور: پنجاب یونیورسٹی میں احتجاجی طلبا اور سیکیورٹی اسٹاف کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد صورت حال کشیدہ ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق طلبا تنظیم نے وائس چانسلر کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کیے جس پر انہیں سیکیورٹی اسٹاف نے منتشر کرنے کی کوشش کی تو تصادم ہوگیا۔
تصادم کے بعد مشتعل طلبا نے ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا، پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو طلبا تنظیم کے کارکنوں نے اہلکاروں پر بھی تشدد کیا۔
بعد ازاں پولیس نے احتجاجی طلبا کو منتشر کرنے کے لیے بھرپور لاٹھی چارج کیا اور انہیں وی سی آفس کے سامنے سے منتشر کردیا۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین اور پولیس اہلکاروں نے جلتے ہوئے ٹائر ایک دوسرے پر بھی پھینکے۔
بعد ازاں ایس پی اقبال ٹاؤن مزید نفری کے ساتھ یونیورسٹی پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں پر حملہ کرنے والی تنظیم کے مشتعل کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
The post پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیم اور سیکیورٹی اسٹاف میں تصادم کے بعد حالات کشیدہ appeared first on ایکسپریس اردو.
from ایکسپریس اردو https://ift.tt/OgLvNQn